چامراج نگر،8/فروری(ایس او نیوز)مسلسل تین مرتبہ کامیابی حاصل کر نے والے ہیاٹرک ہیرو سی پٹارنگا شٹی نے کبھی غلط کام نہیں کیا اور اپنا کریئر داغدار ہونے نہیں دیا، انہیں جھوٹے معاملے میں پھنسانے کی سازش کی گئی تھی اور چند لوگوں نے کابینہ سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا تھا،مگرمیں نے اسے موقع نہیں دیا-یہ بات سابق وزیر اعلیٰ واپوزیشن لیڈر سدارامیا نے کہی-
انہوں نے یہاں تعلقہ کے نلورومولے میں ملیگمامندراور ٹاور کا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پٹارنگا شٹی جس وقت وزیر تھے،ودھان سودھا کے دفتر میں ان کے عملہ کے پاس رقم پائی گئی تھی اس معاملے کو لے کر پٹارنگا شٹی کو وزیر کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیااورسیاسی سازش کی گئی-جھوٹا معاملہ درج کرنے کی تیاری کی گئی مگر میں نے خود مداخلت کر کے ایسا کرنے سے روکاتھا- سدارامیا نے کہاکہ 2008ء میں چامراج نگر اسمبلی حلقے سے ست سی گرو سوامی نے ٹکٹ کا مطالبہ کیا تھااور وی سرینواس پرساد نے بھی گرو سوامی کی حمایت کی تھی مگر سماج میں پسماندہ قرار دئے گئے اپار طبقہ کو نمائندگی دینے کے موقف پر میں اڑا رہا اور وی سرینواس پرساد اور گرو پرساد کو چھوڑ کر پٹارنگا شٹی کے نام کی سفارش کی تھی-پہلی ہی مرتبہ لوگوں نے انہیں منتخب کرلیا اور آج انہوں نے تیسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوکر ریکارڈ قائم کیا ہے اور بطور وزیر نمایاں خدمات انجام دی ہیں -
سدارامیا نے کہاکہ اسمبلی کے لئے تمام طبقات کے نمائندے منتخب ہو کر آئیں تو وہ انوبھومنٹپ ثابت ہوگا- پسماندہ طبقات کے مسائل حل کرنے کیلئے طبقہ کے لوگوں کی نمائندگی ضروری ہے-اس لئے ہر طبقہ کے لوگوں کی نمائندگی اسمبلی میں ہونی چاہئے-اپار طبقے کے لوگ تعلیمی اور معاشی طور پر کمزور ہیں،غریبی کے باوجود 2/کروڑ روپئے کی لاگت سے شاندار مندر تعمیر کرایا ہے، اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے،مگر اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں -ہزاروں سال سے شودرا طبقہ کے لوگوں کو تعلیم سے محروم رکھاگیا ہے،آج بھی امتیازبرتا جارہاہے جو نہایت افسوس ناک ہے - وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے ریاست کے تمام طبقات کے لوگوں کے لئے بھی فلاحی منصوبے جاری کئے تھے،اپار طبقے کے لوگوں نے جو بھی مطالبے سامنے رکھے ان کو پوراکیا تھا-سابق رکن پارلیمان آر دھروانارائن نے کہا کہ پسماندہ کہلانے والے اپار طبقہ کی ترقی صرف تعلیم سے ہی ممکن ہوسکتی ہے،اس لئے طبقہ کے لوگوں کو چاہئے کہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلائیں اور سماجی ومعاشی طور پر آگے آنے کی کوشش کریں -اس موقع پر رکن اسمبلی سی پٹارنگا شٹی،ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر مری سوامی، اے آر کرشنا مورتی، شیونا، بال راج،گنیش پرساد،ضلع پنچایت رکن یوگیش اور سداشیو مورتی حاضر تھے-